بہار: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں ایک شادی کی تقریب کے دوران آسانی بجلی کڑکنے سے دلہا خوفزدہ ہو گیا جس پر دلہن شادی کی تقریب سے اٹھ کر چلی گئی اور رشتے سے انکار کر دیا۔
انڈین میڈٰیا کی رپورٹس کے مطابق بہار میں دلہن نے اس وقت شادی سے انکار کردیا جب شادی کی تقریب کے دوران آسمانی بجلی کڑکنے سے دلہا حواس باختہ ہو گیا اور اس کے چہرے کا رنگ زرد پڑ گیا۔ دلہے کے اس غیر معمولی رویے اور خوف کو دیکھ کر دلہن حیرت زدہ ہو گئی۔
دلہن کے پوچھنے پر دلہے نے بتایا کہ وہ بجلی کڑکنے سے شدید خوف میں مبتلا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ عجیب و غریب برتاؤ کر رہا تھا، دلہے کو اس قدر خوف کھاتا دیکھ کر دلہن نے اس سے ناطہ جوڑنے سے انکار کر دیا اور تقریب سے اٹھ کر چلی گئی۔ دلہن نے جاتے ہوئے بھرے مجمع میں اعلان کیاکہ وہ ڈرپوک لڑکے سے ہرگز شادی نہیں کرسکتی۔
دلہن کے انکار پر دلہے والوں نے دلہن کے رشتے داروں پر حملہ کردیا اور پھر باراتی لڑپڑے۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر لاتوں گھونسوں کی بارش کی گئی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جس پر پولیس نے جھگڑا کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔