لاہور: (روزنامہ دنیا) گزشتہ برس برطانوی نشریاتی ادارے پر نشر ہونےوالا وہ انٹرویو تو سب کو ہی یاد ہو گا جب ایک بچی نے لائیو نشریات کے دوران کمرے میں 'انٹری' دے کر اپنے والد کے ایک سنجیدہ انٹرویو میں مداخلت کی تھی، ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں دوبارہ پیش آیا لیکن اس مرتبہ انٹرویو کے دوران انٹری دینے والا کوئی بچہ نہیں بلکہ ایک بلی تھی۔
ہوا کچھ یوں کہ ایک سیاسی تجزیہ کار ڈاکٹر جیرزی تارگالسکی پولینڈ کی سیاسی صورتحال پر اپنی ماہرانہ رائے دینے کی کوشش کر رہے تھے کہ موصوف کی پالتو بلی لیزیو نے انٹرویو کے دوران انٹری دے ڈالی۔ دلچسپ بات یہ کہ بلی مسلسل ڈاکٹر جیرزی کے سر پر سوار رہی اور ادھر سے ادھر چکر لگاتی رہی لیکن سلام ہے ڈاکٹر جیرزی پر جنہوں نے اُف تک نہ کی اور انٹرویو دیتے رہے۔
انٹرویو کی یہ فوٹیج ایک صحافی روڈی بوما نے ٹوئٹر پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔اس ویڈیو کو نہ صرف سینکڑوں لوگوں نے لائیک اور ری ٹویٹ کیا بلکہ دلچسپ تبصرے بھی کئے ، کچھ صارفین نے اپنی پالتو بلیوں کی تصاویر بھی شیئر کیں اور یہ بتانے کی کوشش کی کہ ان کیساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے ۔