50 سال قبل تباہ ہونے والے بھارتی فضائیہ کے طیارے کا ملبہ برآمد

Last Updated On 22 July,2018 07:01 pm

اتراکاشی:‌ (روزنامہ دنیا) بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 50 برس قبل تباہ ہونے والے بھارتی فضائیہ کے طیارے کا ملبہ مل گیا، حادثے کے وقت طیارے میں 120 فوجی سوار تھے۔

بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں 50 برس قبل تباہ ہونے والے بھارتی فضائیہ کے طیارے کا ملبہ مل گیا، طیارے میں 120 فوجی سوار تھے لیکن ایک کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہماچل پردیش میں 50 سال قبل بھارتی فضائیہ کا ایک اے این 12 طیارہ لاہول وادی میں گر کر تباہ ہوا تھا۔ نصف صدی کے بعد ایک کوہ پیما نے حادثے میں مرنے والے فوجیوں میں سے ایک کی نعش کا پتہ لگایا ہے جبکہ طیارے کے کچھ حصے بھی ملے ہیں۔

خیال رہے کہ جس فوجی کی نعش کی باقیات ملی ہیں اس کا نام سپاہی بیلی رام تھا۔ یہ باقیات سطح سمندر سے 6200 میٹر بلند ڈھاکا گلیشیئر پر پائی گئیں، روسی ساختہ طیارہ 7 فروری 1968 کولاپتہ ہوا تھا۔