بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) گیبریئل ہیریڈیا کی عمر صرف 20 سال ہے اور ہر طرح کی ہیئرڈریسنگ اور اسٹائلنگ کے ماہر ہیں۔ لیکن وہ دونوں ہاتھوں سے مکمل طور پر محروم ہوتے ہوئے بھی اپنا کام انتہائی مہارت سے کرتے ہیں۔
گیبریئل نے 14 برس سے ہیئر ڈریسنگ کا آغاز کیا جس کےلیے ان کے دوستوں اور اہلِ خانہ نے ان کی بھرپور مدد کی کیونکہ ان کی والدہ بھی خواتین کے گیسو سنوارنے کا کام کرتی ہیں۔ اسی بنا پرگیبریئل نے بہت محنت سے ہیئراسٹائلنگ، کٹنگ اور ٹرمنگ کے تمام فن سیکھ لیے۔ پہلے انہوں نے شوقیہ کام شروع کیا اور اس کے بعد اسے بطور پیشہ اپنایا اور اب لوگ ان سے بہت اپنی حجامت بنواکر بہت مطمئن ہیں۔ ان کی ہمت کا اندازہ لگائیے کہ وہ گلاس میں خود پانی بھرکرپی سکتے ہیں، موٹرسائیکل اور کار بھی چلاسکتے ہیں۔
گزشتہ ڈیڑھ برس سے وہ اپنی دکان چلارہے ہیں۔ گیبریئل اپنا علم ایسے نادار لوگوں تک بھی منتقل کررہے ہیں جو اس شعبے کو اپنا کر کچھ رقم کمانا چاہتے ہیں۔ اس کےعلاوہ وہ بہت سے خیراتی کاموں میں بھی حصہ لیتے ہیں۔ اب ان کے پاس ہر عمر کے لوگ آرائشِ زلف سیکھنے آرہے ہیں۔ گیبریئل کے گاہک کہتے ہیں کہ وہ ایک پرفیکشنسٹ ہیں اور اپنا کام بہت مہارت سے کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ وہ نارمل حجاموں کو بھی پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ گیبریئل کہتے ہیں، ’میں چاہتا ہوں کہ لوگ میرے کام سے مطمئن ہوں اور ان کی تسلی ہی مجھے اصل خوشی فراہم کرتی ہے۔‘
گیبریئل کہتے ہیں کہ میں ہر روز بہتر سے بہتر کام کرتا ہوں اور یہی میری کامیابی کا راز بھی ہے۔ ان کی دکان بیونس آئرس میں ہے اور صرف ڈیڑھ برس میں وہ پورے شہر میں مشہور ہوچکے ہیں۔