جنوبی افریقا: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے جنگلات میں پائی جانی والی اس بلی کو سیاہ پیروں والی (بلیک فوٹڈ کیٹ) کہا جاتا ہے۔ یہ ایک خون خوار جنگلی بلی ہے جسے چیتوں، تیندووں اور شیروں کی نسل میں سب سے تیز اور بے رحم شکاری کا اعزاز مل گیا ہے۔
حال ہی میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ ایک رات میں 10 سے 14 چھوٹے پرندوں اور چوہوں کا شکار کرتی ہے اور اس کا انداز انتہائی جارحانہ، تیز اور پرتشدد ہوتا ہے۔
ماہرین نے پی بی ایس نیچر کے لیے ایک دستاویزی فلم کی ریکارڈنگ کے دوران انکشاف کیا کہ یہ چھوٹی سی بلی کسی تیندوے اور گھات میں لگائے چیتے سے بھی خطرناک ہے کیوں کہ یہ ایک رات میں اتنے جانور شکار کرتی ہے جتنا چھ ماہ میں ایک تیندوا ہلاک کرتا ہے۔
اس دوران حیوانوں کے ماہرین نے وہ مناظر دیکھے جو اس سے پہلے کبھی نوٹ نہیں کیے گئے۔ اس کے لیے کئی بلیوں کے گلے میں ریڈیو کالر پہنائے گئے تھے۔ سیاہ پیروں والی اس بلی کی ویڈیو سے ظاہر ہوا کہ شکار کے لیے مسلسل دو گھنٹے دم بخود بیٹھی رہتی ہے اور اس کا طریقہ واردات اتنا تیز ہے کہ کوئی پرندہ بھی اس کی گرفت سے آزاد نہیں ہوسکتا۔
یہ ساری رات مسلسل شکار کرتی اور کھاتی رہتی ہے اس طرح سے یہ ایک رات میں 10 پرندے اور چوہے چٹ کرجاتی ہے۔
صرف جنوبی افریقا، بوٹسوانہ اور نمیبیا میں پائی جانے والی یہ بلی بھی معدومیت کے قریب ہے۔ بسا اوقات یہ مٹی میں گڑھا کھود کر بھی اپنے شکار کا انتظار کرتی ہے، پورے کرہ ارض پر اپنی نسل کے جان داروں میں یہ 100 فیصد کامیابی سے شکار کرتی ہے۔