جنیوا: (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں مہنگی ترین اشیا کے نیلام گھر کرسٹیز نے اسے نیلامی کے لیے رکھا تھا اور فرم کے مطابق اس کا وزن صرف 19 قیراط تھا یوں فی قیراط کے لحاظ سے فروخت ہونے والا یہ دنیا کا سب سے مہنگا ہیرا بھی ہے جس کی گلابی رنگت اسے ممتاز بناتی ہے۔
فی قیراط رقم کے لحاظ سے نیلامی میں رکھا جانے والا دنیا سب سے مہنگا ہیرا 5 کروڑ ڈالر یعنی 6 ارب 70 کروڑ روپے میں نیلام ہوا ہے۔ گلابی رنگت کا یہ ہیرا جواہرات کی ایک بڑی فرم نے خریدا ہے۔ کرسٹیز کے مطابق ہیری ونسٹن جیولرز نے اسے خریدا ہے جو اب تک نیلام ہونے والا دنیا کا سب سے بڑا گلابی ہیرا بھی ہے۔ کرسٹیز کا خیال تھا کہ یہ ہیرا 3 سے 5 کروڑ ڈالر تک میں فروخت ہوگا اور ایسا ہی ہوا۔ تاہم اس کی اصل قیمت چار کروڑ چالیس لاکھ ڈالر ہے جس میں کرسٹیز کی فیس اور دیگر اخراجات شامل نہیں اور انہیں ملایا جائے تو یہ رقم 5 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔
اس موقع پر جنیوا کے ایک شاندار اور وسیع کمرے میں لوگوں نے کھڑے ہوکر اس کی بولی لگائی اور جلد ہی یہ عمل ختم ہوگیا۔ یہ اوپن ہائمر خاندان کی ملکیت میں رہا جو ایک طویل عرصے سے ہیروں کے بیوپاری ہیں ۔ جوہریوں کے مطابق اس میں نائٹروجن کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہے اور کیمیائی طور پر بالکل خالص اور بہترین ہے۔
کرسٹیز کے یورپی سربراہ فرانکوئی کیوریل نے اسے ہیروں کا ’لیونارڈو ڈاونسی‘ قرار دیا ہے۔ اس گلابی ہیرے کی فی قیراط قیمت لگائی جائے تو یہ 26 لاکھ ڈالر فی قیراط بنتی ہے جو اب تک کسی بھی ہیرے کی بلند ترین فی قیراط قیمت بھی ہے۔