لاہور: (دنیا نیوز) 35 سالہ برطانوی خاتون نے جاذب نظرآنے کی خاطر ہونٹوں کی سرجری پر 250 پاؤنڈ خرچ کر ڈالے۔سرجری کے نام پر نوسر باز خاتون کے ساتھ دھوکا بھی کر گیا۔
آج کل ہر جانب پرکشش اور خوبصور ت نظر آنے کا رحجان دیکھنے میں آتا ہے۔ لوگ پرکشش نظر آنے کی خواہش پر اچھی خاصی رقم بھی خرچ کرتے ہیںمگر جاذب نظر ی کے شوق میں سرجری کے نام اکثر لوگ دھوکے کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ برطانیہ کے شہر ایکسس کی رہائشی 35 سالہ کیری مائلز کے ساتھ پیش آیاجس نے پرکشش نظر آنے کے لیے ہونٹوں کی سرجری کروانے کا فیصلہ کیا۔اس سرجری میں ہونٹوں کی بیرونی تہہ موٹی بنانے کے لیے مختلف پراڈکٹس کا استعمال کیا جاتا ہے مگر اس برطانوی خاتون سے ایک شخص سرجری کے نام پر دھوکا کر گیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے ہونٹوں کو بے بی آئل سے انجکیٹ کیا گیا جس کے کچھ ہی عرصے بعد شدید ردعمل ظاہر ہونا شروع ہوا۔ طبی امداد کے بعد خاتون کے چہرے کی حالت بگڑگئی۔برطانوی خاتون نے اس سرجری پر 250پاؤنڈ خرچ کیے جو پاکستان کرنسی کے مطابق تقریباً42398 روپے بنتے ہیں۔