دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمیریٹس نے اپنے طیارے کی تصویر جاری کی ہے جس پر نصب کرسٹلز ہیروں کی طرح چمکتے دمکتے دکھائی دے رہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے بقعہ نور بنے طیارے کو پسند کرتے ہوئے تصویر کو وائرل کر دیا۔
ائیر پورٹ ٹرمینل پر کھڑا ایمیریٹس ائیر لائن کا بوئنگ 777 طیارہ سامان لے جانے والے ٹرکوں کے درمیان نگینے جڑے آرٹ پیس کا منظر پیش کر رہا ہے، پس منظر میں سورج ڈوبنے کے وقت آسمان کا خوبصورت منظر تصویر کو چار چاند لگاتا محسوس ہوتا ہے جس کے باعث سوشل میڈیا پر ایمیریٹس ائیرلائن کا خوب تذکرہ جاری ہے۔
Presenting the Emirates ‘Bling’ 777. Image created by Sara Shakeel pic.twitter.com/zDYnUZtIOS
— Emirates Airline (@emirates) December 4, 2018
تصویر کو دیا گیا عنوان ہے "پیش کرتے ہیں ایمیریٹس کا کوہ نور"۔
ایمیریٹس آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر موجود یہ تصویر اصل میں ایک خاتون کرسٹل آرٹسٹ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کی جس کو 47 ہزار سے زائد مرتبہ لائک کیا گیا۔ اور یہ حقیقت کے اتنا قریب دکھائی دیتا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین میں تجسس پیدا ہو گیا۔ جو مسافر نفیس اور آرام دہ سفر چاہتے ہیں ان کیلئے یہ ایک سرپرائز جیسا تھا۔
ایک انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ " یہ ہے میرا سٹائل"۔ دوسرے نے لکھا کہ "جیسے ہیروں کی بارش ہو رہی ہو"۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ "جیسے سرُوں کی تال ہو"۔
میڈیا کے پوچھنے پر ایمیریٹس کے ترجمان نے کہا کہ فضائی کمپنی کے پاس ایسا کوئی طیارہ نہیں، یہ تو صرف ایک آرٹ پیس ہے جو سارہ شکیل نے پوسٹ کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ یہ طیارہ اصل نہیں۔
سارہ ایک پاکستانی آرٹسٹ ہیں جن کے لاکھ کے قریب فالوورز ہیں۔ انھوں نے اپنی تخلیقی صلاحیت سے دیگر بھی کئی منفرد آرائشی نمونے بنائے ہیں جو بہت دلکش ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ عام چیزوں کو سجا سنوار کر دلفریب اور خوبصورت بنا دینے کی عادی ہیں۔