بیجنگ: (روزنامہ دنیا) قدرت کے کارخانے سے ایک حیرت انگیز خبر آئی ہے کہ بعض مکڑیاں اپنے بچوں کے لیے دودھ نما مائع خارج کرتی ہیں جو غذائیت میں کسی بھی طرح گائے کے دودھ سے کم نہیں ہوتا، اس مائع کو پی کر ان کے بچے بہت تیزی سے بڑھتے ہیں۔
جنوب مشرقی ایشیا میں پائی جانے والی ایک مکڑی ’ٹوکسیئس میگنس‘ کے بچے صرف 20 دن میں بلوغت تک پہنچ جاتے ہیں۔ چینی ماہر زینجی نے بتایا کہ ہم ان مکڑیوں پر غور کر رہے تھے کہ ایک رات مکڑی کا بچہ اپنی ماں سے چپکا ہوا پایا گیا، خوردبین کے ذریعے دیکھا گیا تو اس کے بدن سے مائع کے چھوٹے قطرے خارج ہو رہے تھے جو دودھ جیسے تھے اور اس کی غذائیت گائے کے دودھ سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔
اگلے مرحلے میں بچوں کو یہ قطرے پینے سے روکا گیا تو وہ صرف دس دن میں ہی مر گئے۔ بچے 40 دن تک دودھ پینا نہیں چھوڑتے اور اس دوران چھوٹے کیڑوں کو بھی کھاتے رہتے ہیں۔ اب اس مرحلے پر بھی ماں کو بچوں سے دور کردیا گیا تو ان کے زندہ رہنے کے امکانات میں 40 فیصد کمی واقع ہو گئی۔