اٹلانٹا:(ویب ڈیسک) ناخنوں کی تصاویر دیکھ کر ان کی تجزیہ کرکے انیمیا کی نشاندہی کرنے والی ایک دلچسپ اسمارٹ فون ایپ تیار کرلی گئی ہے۔
جب ہم انیمیا یا خون کی کمی کی عمومی بات کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مریض میں ہیموگلوبِن کم ہے یا پھر خون کے سرخ خلیات معمول سے کم پائے گئے ہیں۔ اس وقت دنیا کی دو ارب آبادی اس کیفیت کی شکار ہے۔ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو شدید نقاہت ، دل کے امراض اور خصوصاً زچگی میں کئی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔
اٹلانٹا میں واقع ایموری یونیورسٹی کے ولبر لیم نے اسمارٹ فون کے ذریعے خون کی کمی پر غور کیا اور ایک ایپ بنائی ہے جو ناخنوں کی تصاویر دیکھ کر انیمیا کی شناخت میں مدد دیتی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ماہرین انسانی جسم پر خاص روشنی ڈال کر ذیابیطس کی شناخت کا نظام کامیابی سے تیار کرچکے ہیں۔
اس سے قبل تحقیق کے بعد ماہرین کہہ چکے ہیں کہ انگلیوں کے ناخنوں کے نیچے کی رنگت سے انیمیا کی قابلِ اعتبار تشخیص کی جاسکتی ہے کیونکہ ناخنوں کے نیچے رنگت کا ذمے دار ہیموگلوبِن ہی ہوتا ہے۔ ناخنوں کی تصویر دیکھ کر ایپ سیکنڈوں میں خون کی کمی کا انکشاف کرتی ہے۔ اس کی پشت پر ہیموگلوبن کے مریضوں کا بہت بڑا آن لائن ڈیٹا بیس ہے اور وہ کسی تصویر کو دیکھ کر اس میں انیمیا کی کامیاب شناخت کرتا ہے۔
ولبر لیم کے مطابق خون کی کمی معلوم کرنے کے لیے کسی ماہر کی ضرورت نہیں رہتی اور یہ کام سیکنڈوں میں ہوجاتا ہے۔ تاہم اس کی بڑے پیمانے پر آزمائش کی ضرورت ہے جس میں اسے بزرگوں ، حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں پر آزمایا جائے گا۔
اگلے مرحلے میں یہ ٹیم آنکھوں اور جلد کو دیکھتے ہوئے جگر کے امراض کی شناخت کے لیے بھی ایک ایپ تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔