لاہور: (روزنامہ دنیا) انٹارکٹکا میں 15ویں سالانہ آئس میراتھن کا انعقاد کیا گیا جس میں7 براعظموں کے 16 ممالک سے 57 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ ہڈیاں جما دینے والے یخ بست موسم کے باوجود خواتین اور مرد ایتھلیٹس نے 42 کلومیٹر طویل فاصلہ طے کر کے سردی کو شکست دے دی۔
پولینڈ سے تعلق رکھنے والے پیوٹر سچونیا نے منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ میں تین گھنٹے 49 منٹ 18 میں 26 اعشاریہ 2 میل (42کلومیٹر) طویل یہ میرا تھن انتہائی تیز رفتاری سے سب سے کم وقت میں مکمل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں لیتھونیا کی روما پوزین نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پرجہاں مرد و خواتین اپنی ہمت کا مظاہرہ پیش کرنے پہنچ رہے تھے وہیں ڈائنو سار کا دلچسپ کاسٹیوم پہنے ایک منچلا بھی ہڈیاں جما دینے والی سردی میں فنش لائن پار کرنے پہنچ گیا۔