12وہیل مچھلیوں کی موت، وجہ جاننے کیلئے پوسٹمارٹم کا فیصلہ

Last Updated On 03 January,2019 11:37 am

ایمسٹرڈیم: (روزنامہ دنیا) یورپ کے ساحلوں وانگیروگے، ہیلگولینڈ، بریمرہافن اور ٹیکسل کے ساحلوں سے 12مری ہوئی وہیل مچھلیاں ملی ہیں، ان کی موت کی وجہ پتہ چلانے کیلئے حکام نے 10،10 میٹر لمبی ان لاشوں کا پوسٹ مارٹم کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

ساحلوں پر پڑی وہیل مچھلیوں کے مردہ اجسام کو اٹھانے کیلئے بھاری مشینری استعمال کی گئی اور بڑے بڑے ٹرالروں کے ذریعے انہیں ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔ ایک مادہ وہیل کا وزن 15 ٹن جبکہ نر کا 60 ٹن تک ہوتا ہے۔

سب سے پہلے ان وہیل مچھلیوں کی کھال کو کاٹا گیا اور پھر کھدائی کیلئے استعمال ہونے والی مشین کے ذریعے اسے جسم سے کھینچ کر اتارا گیا، اسی طرح مشکل مرحلوں سے گزرتے ہوئے دیگر حصوں کو بھی الگ کیا گیا۔

ان وہیل مچھلیوں کے کچھ حصے جرمنی کی گیسن یورنیورسٹی میں پہنچا دئیے گئے ہیں جن کا پوسٹمارٹم کیا جائیگا۔ اب تک کی تحقیقات سے یہ پتہ چلا ہے کہ ان 12 میں سے کچھ وہیل مچھلیوں کو خوراک کی کمی کا سامنا تھا۔

ایک ماہر کے مطابق ان مچھلیوں کامعدہ اور آنتیں بالکل خالی تھیں، سکویڈ یعنی انتہائی بڑا جھینگا سپرم وہیل کی مرغوب ترین غذا ہے جو شمالی سمندر میں نہیں پائے جاتے۔ ایسے میں یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ان وہیل مچھلیوں نے خوراک کی تلاش میں ساحلوں کا رخ کیا ہو۔