جرمنی میں شاہراہوں پر گاڑیوں کی حدرفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر

Last Updated On 29 January,2019 01:53 pm

فرینکفرٹ: (روزنامہ دنیا) جرمنی میں شاہراہوں پر حد رفتار مقرر کی جائے یا نہیں، اس سوال پر جرمن عوام منقسم رہے ہیں لیکن اب ایک حکومتی کمیشن نے حد رفتار 130 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

گزشتہ دنوں ماحولیات سے متعلق ایک حکومتی کمیشن کی جانب سے ملکی شاہراہوں پر گاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 130 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر کیے جانے کی تجویز کی خبریں سامنے آنے کے بعد سے جرمنی میں یہ معاملہ بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔ یورپ بھر میں جرمنی ایسا واحد ملک ہے جہاں موٹر وے پر گاڑیوں کی حد رفتار مقرر نہیں ہے تاہم شہروں کے قریب اور زیر تعمیر جگہوں پر رفتار کی حد مقرر متعین کر دی جاتی ہے۔

جرمنی کے پڑوسی ممالک میں پر نگاہ ڈالی جائے تو ان ممالک کی شاہراہوں پر حد رفتار طے ہے۔ آسٹریا، ڈنمارک، ہالینڈ، فرانس اور چیک جمہوریہ کی بڑی سڑکوں پر حد رفتار 130 کلو میٹر فی گھنٹہ جب کہ سوئٹزرلینڈ اور بیلجیئم میں زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

رواں ہفتے جرمن پولیس افسروں کی یونین نے گاڑیوں کی انتہائی تیز رفتار کے باعث شاہراہوں کی صورت حال کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رفتار کی حد مقرر کرنے کی حمایت کی ہے۔ تحقیقی جائزوں کے مطابق حد رفتار مقرر کر کے ٹریفک حادثوں میں مارے جانے والے ہر چوتھے انسان کی زندگی بچائی جا سکتی ہے۔ جرمن باشندوں کی رائے میں ملکی شاہراہوں پر حد رفتار کا تعین نہ ہونا جرمنی کی خصوصیت اور پہچان ہے۔