برطانوی بلڈر نے تنخواہ نہ ملنے پر تیارشدہ گھر مسمار کر دیئے

Last Updated On 08 March,2019 10:22 am

لندن: (روزنامہ دنیا) کنسٹرکشن کمپنی میں ملازمت کرنے والے شخص نے اُجرت ادا نہ کرنے پر ریٹائرڈ لوگوں کیلئے تیار کردہ گھر گرا دئیے اور سارے واقعہ کی ویڈیو بھی بناتا رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی کنسٹرکشن کمپنی کا غیر ملکی ملازم ڈینیئل نیگو تنخواہ نہ ملنے پر برہم ہو گیا اور اپنی ہی کمپنی کے تیار کردہ گھروں کو مسمار کرنا شروع کر دیا، برطانوی عدالت نے اس عمل پر اسے قید کی سزا سنا دی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ 31 سالہ بلڈر نیگو اپنی پوری کارروائی کے دوران سیٹیاں بجاتا رہا، گانے سنتا رہا اور ویڈیو بھی بناتا رہا۔ نیگو گھروں کو تباہ کرتے ہوئے کہتا رہا کہ خوبصورت گھر تم زمین بوس ہو رہے ہو پھر دوبارہ بنو گے، تمہاری تباہی کی وجہ میری اُجرت کی ادائیگی نہ کرنا ہے۔

اس نے ریٹائرڈ لوگوں کیلئے تیار پانچ گھروں کو مسمار کیا جس کی کل مالیت 15 سے 16 کروڑ روپے بنتی ہے۔ ڈینیئل نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا کہ کمپنی نے مجھے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی اس لئے میں نے انہیں سبق سکھانے کیلئے گھروں کو مسمار کردیا۔

پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا تھا، عدالت نے اسے 4 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔