طالب علم کی بیٹی کو اُٹھا کر لیکچر دینے والا استاد

Last Updated On 08 March,2019 10:09 am

جارجیا: (روزنامہ دنیا) امریکی پروفیسر نے طالبعلم کی بیٹی کو اُٹھا کر لیکچر دیتے ہوئے انسانیت اور رحم دلی کی اعلیٰ مثال قائم کر دی، بچی کا باپ وائن ہیتھر الجبرا کا لیکچر مس نہیں کرنا چاہتا تھا اس لئے بچی سمیت کالج آ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست جارجیا کے مورہاؤس کالج میں ریاضی کے پروفیسر نیتھن الیگزینڈر، 5ماہ کی بچی اساتا کو گود میں اٹھائے ہوئے کلاس میں لیکچر دے رہے ہیں، یہ بچی ان کے ایک طالب علم وائن ہیتھرکی ہے جو اسے اپنے ساتھ کالج لے آیا تھا اور پروفیسر نے بچی کو اپنی گود میں لے لیا تاکہ وہ لیکچر کو سمجھ سکے اور نوٹس لکھ سکے۔

وائن ہیتھر کا کہنا ہے کہ وہ گھر میں بی بی سیٹر ڈھونڈنے میں ناکام رہا اور الجبرا کا لیکچر بھی مس نہیں کرنا چاہتا تھا اسی لئے بچی کو گود میں اٹھائے کلاس میں پہنچ گیا جہاں پروفیسر نے کمال رحم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری بھلائی کیلئے بچی کو اپنی گو د میں لے لیا۔

مور ہاؤس کالج کے صدر ڈیوڈ تھامس نے بھی پروفیسر کی اس حرکت کو سراہا اور کہاکہ یہ ایک استاد کی اپنے پیشے اور اپنے طالب علموں سے محبت کی اعلیٰ مثال ہے۔ پروفیسر نیتھن الیگزینڈر کا کہنا تھا کہ اساتا بہت پیاری بچی ہے اور مجھے اپنے طالب علم جیسی لگی، دوران لیکچر وہ میری گود میں نیند کے مزے بھی لیتی رہی۔