پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکپتن میں محنت کش نوجوان کو منی جہاز بنانا مہنگا پڑ گیا، اڑانے کیلئے جہاز سڑک پر لایا تو پولیس نے دھر لیا۔ اے ایس آئی کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
پاکپتن کے علاقے تھانہ رنگشاہ پولیس نے منی جہاز بنانے والے نوجوان فیاض کو گرفتار کر کے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور عدالت میں پیش کر دیا۔
نوجوان کیخلاف درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جہاز بغیر پرمٹ کے بنایا گیا جبکہ اس سلسلے میں حکومتی اجازت نامہ بھی نہیں ہے۔ نوجوان نے جہاز پر خطرناک کرتب بھی دکھائے۔ پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کر رہا تھا۔
بعد ازاں پاکپتن عدالت نے جہاز بنانے والے نوجوان کو تین ہزار روپے جرمانہ کر کے چھوڑنے کا حکم جاری کر دیا۔ تھانہ رنگشاہ پولیس نے نوجوان فیاض کو ریمانڈ کے لئے عدالت پیش کیا تھا۔
دنیا نیوز کے مطابق نواحی گاؤں 32 ایس پی کا رہائشی نوجوان فیاض ایک پرائیویٹ کمپنی میں سءیکیورٹی گارڈ ہے اور اس نے شب روز محنت کر کے منی جہاز تیار کیا لیکن اسے جہاز اڑانا وقتی طور پر مہنگا پڑ گیا۔ تھانہ رنگشاہ پولیس نے پکڑ کر حوالات بند کر کے مقدمہ درج کر لیا۔