میک اپ آرٹسٹ نے ہونٹوں کو فن پاروں میں بدل دیا

Last Updated On 03 April,2019 10:36 am

لندن: (روزنامہ دنیا) اس وقت سوشل میڈیا پر خواتین غیر روایتی انداز سے اپنے ہونٹوں کو سجا رہی ہیں جسے دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ اس نئے فیشن کو متعارف کرانے والی 25 سالہ ‘منی مِک گی’ لیڈز میں رہتی ہیں اور ان کے مداحوں کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

سب سے پہلے انہوں نے گلابی ہونٹوں پر نارنجی شیڈ دیا تھا اور اس کے بعد دانتوں میں ایک پونڈ کا سکہ دبا کر پہلی تصویر جاری کی تھی۔ انہیں پچپن سے ہی آرٹ سے لگاؤ تھا اور انہوں نے اس آرٹ کو خواتین کے ہونٹوں پر آزمانے کا فیصلہ کیا۔

اب تک وہ کئی فلموں، جرائد اور ویب سائٹ کیلئے لِپ آرٹ اور میک اپ کا کام کر چکی ہیں۔ انہوں نے بہت ذہانت سے لِپ آرٹ کو ایک نئے درجے تک پہنچایا ہے کبھی وہ ہونٹوں کو سائلنس آف دی لیمبس جیسی فلمی تھیم دیتی ہیں۔ کبھی وہ سینٹ پیٹرک ڈے پر ہونٹوں کو سبز رنگ دیتی ہیں۔

ہیلووین کے موقع پر انہوں نے ہونٹ کو ایک حقیقی آنکھ کا روپ دیا اور اس پر مصنوعی پلکیں بھی لگائیں جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔ وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے ہونٹوں پر بنائے فن پاروں کی تصاویر جملہ حقوق کے ساتھ فروخت کرتی ہوں جس سے بہت اچھی آمدن ہو جاتی ہے۔