پولینڈ میں پادریوں نے ہیری پوٹر کے ناول جلا دئیے

Last Updated On 04 April,2019 09:38 am

وارسا: (روزنامہ دنیا) پولینڈ میں مسیحی فرقے کیتھولک سے تعلق رکھنے والے پادریوں نے معروف مصنف جے کے رولنگ کے ناول ہیری پوٹر سمیت متعدد کتابیں گستاخانہ قرار دے کر نذرِ آتش کر دیں۔

کیتھولک فرقے کے ماننے والوں کے سوشل میڈیا پیج پر مذکورہ تصاویر اور پوسٹ شائع ہونے کے بعد وائرل ہو گئیں جس پر ایک تنازع کھڑا ہو گیا۔ تصاویر میں دیکھا گیا کہ 3 پادریوں نے ایک ٹوکری جس میں کتابیں، ایک افریقی طرز کا ماسک، معروف کارٹون تھیم ’’ہیلو کٹی‘‘ کی چھتری اور دیگر اشیا موجود تھیں چرچ سے باہر لے جا کر آتش دان میں ڈال دیں۔

مذکورہ اشیا نذرِ آتش کرنے کے مقام پر موجود پادری جان کوشرسکی نے ایک نیوز ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے جادو اور پراسراریت سے تعلق رکھنے والی چیزیں جلائی ہیں۔ جلائی گئی اشیا میں کتابوں کے ساتھ ساتھ دیگر مشتبہ چیزیں بھی شامل تھیں جنہیں معاملات صحیح کرنے کیلئے موسمِ بہار کی صفائی کے طور پر جلایا گیا۔

واضح رہے کہ ہیری پوٹر برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ کے 7 تصوراتی ناولوں کا سلسلہ ہے جو نو عمر جادوگر ہیری پوٹر اور اس کے ساتھیوں رونلڈ ویزلی اور ہرمائنی گرینجر کے واقعات کی سرگزشت ہے۔