ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا کے اس مہنگے ترین برگر کی قیمت پاکستانی روپوں میں تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار روپے ہے۔ اس برگر کو ٹوکیو کے ایک ریستوران میں تیار کیا جاتا ہے۔
چھ انچ چوڑے اور 10 انچ اونچے اس برگر کو خاص طور پر جاپانی ولی عہد پرنس ناروہیٹو کی رسمِ تاج پوشی کی خوشی میں تیار کیا گیا ہے اور پیشکش بھی محدود مدت کے لیے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کے اس انوکھے اور مہنگے ترین برگر کی تیاری میں سونے کے ذرات کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس برگر کو ٹوکیو کے اوک ڈور سٹیک ہاؤس میں تیار کیا جا رہا ہے اور اسے بنانے والے مشہور شیف پیٹرک شیماڈا ہیں۔
اس برگر میں سونے کے علاوہ مشہور ویگیو بیف اور بطخ کے جگر کا پیسٹ بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ بطخ کے جگر کا پیسٹ جاپان میں بہت مہنگا کھانا ہے۔