زیورخ: (روزنامہ دنیا) گلوبل وارمنگ کے حوالے سے اب ایک بچہ بھی جانتا ہے کہ دنیا بھر کے سرد علاقوں کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں لیکن ہم عالمی منظرنامے میں گلیشیئرز کی تباہی سے اب تک ناواقف تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اب سیٹلائٹ ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ 1961 سے 2016 تک پوری دنیا کے گلیشیئرز سے جو برف پگھلی ہے اس کا حجم 9 ٹریلین ٹن ہے۔ ان 55 برس میں سب سے زیادہ گلیشیئرز الاسکا میں گھلے ہیں جہاں مجموعی طور پر تین ٹریلین ٹن برف گھل کر پانی ہو چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر گرین لینڈ ہے جہاں گلیشیئر ز 1.237 ٹریلین ٹن برف کھو چکے ہیں۔
ان گلیشیئرز کے پگھلنے سے دنیا کا صرف درجہ حرارت ہی نہیں بڑھ رہا بلکہ پانی کی سطح اونچی ہونے کے سبب کئی ایسے جزیرے ڈوبنے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے جہاں صدیوں سے انسانوں کی آبادی موجود ہے۔