کتے کی وفاداری، اپنی جان دے کر 35 زندگیاں بچا لیں

Last Updated On 16 April,2019 11:31 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کہتے ہیں کہ کتا سب سے زیادہ وفادار ہوتا ہے۔ اس کہاوت کو ایک کتے نے اپنی جان دے کر سچ ثابت کر دکھایا ہے۔

کتے کی وفاداری کی ایسی ہی ایک مثال بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر باندہ میں دیکھنے کو ملی۔ یہاں اترا قصبہ کی لکھن کالونی میں واقع چار منزلہ الیکٹرانک اور فرنیچر شوروم میں آگ لگ گئی تھی۔ جس وقت آگ لگی اس وقت عمارت میں 35 افراد سو رہے تھے ۔ شو روم کے مالک کا پالتو کتا بھی وہاں بندھا ہوا تھا۔

ایسے میں جب کثیر منزلہ فرنیچر کے شوروم میں آگ لگی تو کتے نے بھونکنا شروع کر دیا۔ کتے کی بھونکنے کی آواز سن کر گہری نیند میں سو رہے لوگ جاگ گئے۔

اس کے بعد پڑوسیوں سمیت تقریبا 35 افراد آگ دیکھ کر عمارت سے باہر نکل گئے لیکن خود زنجیر میں بندھا ہونے کی وجہ سے کتا جھلس گیا اور اس کی موت ہو گئی۔