لاہور: (روزنامہ دنیا) چین اور ویتنام میں یانگتسی نام کے ایسے نایاب کچھوے بھی پائے جاتے ہیں جن کی مجموعی تعداد صرف 4 ہے تاہم ان میں سے 2 کچھوؤں کی جنس کا تاحال کسی کو علم نہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یانگتسی نسل کے ان 4 کچھووں میں سے صرف ایک مادہ کچھوا تھا جو بالآخر 90 سال کی عمر میں چڑیا گھر میں ہلاک ہو گیا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے چینی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا کہ چینی صوبے جیانگسو کے شہر سوژوو کے چڑیا گھر کے عہدیداروں نے اس بات کی تصدیق کی کہ نایاب نسل کا مادہ کچھوا 14 اپریل کو مردہ حالت میں پایا گیا۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق مادہ کچھوے کی ہلاکت سائنسدانوں کی جانب سے اس کی نسل کی مصنوعی افزائش کے تجربے کے ایک دن بعد ہوئی۔ حال ہی میں سائنسدانوں نے مر جانے والے مادہ کچھوے کی بیضہ دانی سے نمونے حاصل کئے تھے تاہم نمونے حاصل کرنے کے 24 گھنٹے بعد وہ مر گیا۔
رپورٹ کے مطابق یانگتسی نسل کے کچھوے کی نسل معدوم ہونے کے قریب ہے اور دنیا میں اس قسم کے صرف 4 کچھوے ہی موجود تھے ، جن میں سے ایک مادہ مر گئی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ مادہ کچھوے کی ہلاکت کیسے ہوئی، تاہم سائنسدانوں نے کچھوے کو تحقیق کیلئے لیبارٹری بھجوا دیا، جہاں اس کے مرنے کا سبب معلوم کیا جائے گا۔