اوسلو: (ویب ڈیسک) ناروے کے ماہی گیروں کو بحیرہ منجمد شمالی میں ایک پر اسرار وہیل ملی جس کے جسم پر گھوڑے کے زین کی طرح آلہ بندھا ہوا ملا ہے۔ سائنسدانوں نے اسے روسی بحریہ کا آلہ قرار دیدیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ناروے کے ماہی گیر سمندر میں کشتی پر جا رہے تھے اس وقت بیلوگا وہیل کشتی کیساتھ ساتھ جا رہی تھی۔ نارویجن ماہی گیروں نے اس مچھلی کو بندھے ہوئے سامان سے آزاد کر دیا۔
ایک ماہی گیر کا کہنا تھا کہ یہ وہیل پالتو لگتی تھی اور یہ ہماری کشتی کے ساتھ تھی جو بار بار کشتی ساتھ رگڑ رہی تھی کیونکہ اس کا جسم بندھا ہوا تھا۔ صورتحال کی دیکھتے ہوئے ایک ماہی گیر یخ بستہ پانی میں کودا اور 13 فٹ لمبی ممالیہ مچھلی کے بندھے ہوئے جسم کو کھولا۔
اُدھر ناروے کے فیشریز کے ڈائریکٹ کے مطابق اس مچھلی کے اوپری حصے پر کیمرہ نصب تھا۔ فشریز ترجمان کے مطابق ناروے کی فوج واقعے میں دلچسپی لے رہی ہے۔ ناروے کی آرکٹک یونیورسٹی کے شعبہ میرین حیاتیات کا کہنا ہے کہ اس تمام معاملے میں روسی نیوی ملوث نظر آتی ہے۔ جزیرہ نما کولا میں واقع مرمینسک پر روس کے کئی فوجی اڈے ہیں ۔‘‘