شدید بارشوں کے بعد مگر مچھ گھر کی چھت پر پہنچ گیا

Last Updated On 13 August,2019 05:42 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے بعد مگر مچھ گھر کی چھت پر پہنچ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت بھر میں شدید بارشیں جاری ہیں، بارشوں کی ایک نشانی ہے ہر طرف پانی پانی ہے، اسی دوران ایک ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے ایک مگر مچھ گھر کی چھت پر پہنچ گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مگر مچھ منہ کھولے ہوئے ہے۔

یہ جگہ بیل گام ہے جو ریاست کیرالہ میں ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے اپنے ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور ہر کوئی حیران رہ گیا کہ شدید بارشوں کے باعث مگر مچھ گھر کی چھت پر کیسے پہنچ گیا۔ کچھ لوگ خوفزدہ بھی ہو گئے۔

 

ریاست کیرالہ کا علاقہ بیل گام کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ بارشوں کے باعث شدید متاثر ہوا ہے۔ نظام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ شدید بارشوں کے باعث پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ بارشوں کے دوران مگر مچھ کھلی جگہ پر پہنچ گئے ہوں۔ اس سے قبل گجرات میں بھی ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں کھلے مقام پر ایک مگر مچھ آ گیا جس کو دیکھ کر شہری خوفزدہ ہو گئے تھے۔