نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر سننے کو ملتا ہے کہ تعلیم حاصل کرنیکی کوئی عمر نہیں، متعدد ایسے لوگ ہیں جو جوانی میں اپنی تعلیم حاصل نہیں کر پاتے لیکن انہیں علم کا جنون ہوتا ہے کچھ لوگ شادی کے بعد علم حاصل کرنا شروع کرتے ہیں جبکہ کچھ بڑھاپے میں تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اپنے جنون کو پورا کرتے ہیں، اسی طرح کی ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر 105 سالہ خاتون نے چوتھی کلاس کے امتحان میں شرکت کر کے سب کو پریشان کر ڈالا۔
عرب خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق اس خاتون کا تعلق بھارتی ریاست کیرالا کے شہر کولام سے ہے،اس خاتون کا نام بگیراتی اماں ہے، دوران امتحان انہوں نے عمر رسیدہ طالبہ اور امیدوار کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شرح خواندگی کو بڑھانے کے حوالے سے ایک مہم کا آغاز کیا جس کے تحت کیرالا کے کئی ناخواندہ افراد نے سکولوں میں داخلہ لیا اور امتحانات میں بھی شرکت کی۔
Kollam: 105-year old woman Bhageerathi Amma appeared for 4th standard equivalent examination conducted under Kerala State Literacy Mission. #Kerala pic.twitter.com/0jc6WNf78S
— ANI (@ANI) November 20, 2019
گلف نیوز کے مطابق بگیراتی اماں کے 6 بچے جبکہ 16 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں۔
خاتون کا کہنا تھا کہ انہوں نے تیسری کلاس تک تعلیم حاصل کی اور پھر بہن بھائیوں کا خیال رکھنے کی وجہ سے سکول چھوڑنا پڑا۔ میں تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھنا چاہتی تھی مگر معاشی حالات اور دیگر مسائل اس کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے تعلیمی فروغ کے لیے متعارف کرائی جانے والی مہم نے میرے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امتحانات کا آغاز اتوار سے ہوا اور گزشتہ روز 19 نومبر کو امتحانات ختم ہوئے۔ کیرالا کے محکمہ تعلیم نے خاتون کے جذبے کو سراہا اور اسے امید کی نئی کرن قرار دیا۔