پارکنگ لاٹس بے گھر غریبوں کی رہائش گاہ

Last Updated On 19 November,2019 11:22 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں غریبوں کی بڑی تعداد موجود جو کھلے آسمان تلے سڑکوں سمیت دیگر جگہوں پر رات گزارتی ہے، مختلف ممالک میں ان کی فلاح کیلئے مختلف کام اور پراجیکٹ متعارف کیے جاتے ہیں، حکومت پاکستان کی طرف سے غریبوں کے لیے احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد غریب طبقے کو ممکنہ سہولتیں فراہم کرنا ہے تاہم ایک حیران کن خبر آسٹریلیا سے آئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی ادارے بیڈ ڈاؤن نے بے گھر غریبوں کیلئے ایسی سہولیات کا انتظام کیا ہے جسے دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ جائے گا اور حکام کو داد دیئے بناء نہیں رہ سکے گا۔

ادارے کی جانب سے غریب بے گھر و بے سہارا لوگوں کو منفرد طریقے سے رات کے وقت رہائش فراہم کی جاتی ہے جیسا کہ آپ جانتے ہی ہیں کہ اکثر عمارتوں اور کاروباری مراکز پر ایسے پارکنگ لاٹس بنے ہوتے ہیں جن میں دن کے وقت گاڑیاں موجود ہوتی ہیں اور رات میں خالی ہوتے ہیں۔

بیڈ ڈاؤن نامی یہ ادارہ ان پارکنگ لاٹس کو بے گھر غریبوں کو رہائش کی فراہمی کیلئے استعمال کررہا ہے اور اس ضمن میں ان کی جانب سے برسبین کی ایک عمارت سے باقاعدہ معاہدہ کیا گیا اور دو ہفتوں تک یہ سلسلہ آزمائشی طور پر شروع کیا گیا۔

ادارے نے رات کے وقت پارکنگ لاٹ خالی ہونے پر اس کی صفائی کروائی اور کاروں کو پارک کرنے کی جگہ پر آرام دہ بستر لگادیئے۔ اس کام کی منظم طور پر انجام دہی کیلئے ا بے گھر غریبوں کی پیشگی رجسٹریشن بھی کی گئی۔

یہاں نہ صرف سونے کیلئے آرام دہ بستر بلکہ قیام و طعام، صاف ستھرے کپڑے، نہانے دھونے کا انتظام، ڈاکٹر اور حجام جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ غریب بے گھروں کو پُرسکون نیند نصیب ہوسکے۔

بیڈ ڈاؤن کی جانب سے کئی انسٹاگرام پوسٹس بھی شیئر کی گئی ہیں جس میں انہوں نے اس کاوش کے بندوبست اور اس سے متعلق غریبوں کے خیالات وغیرہ کو شیئر کیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ ادارہ اب اپنے اب شہر کے دوسرے علاقوں اور آسٹریلیا کے دیگر شہروں میں بھی اپنے کام کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔