لاہور: (روزنامہ دنیا) کم عمر بچوں کی فطرت ہے کہ وہ اپنے گرد ماں کی موجودگی چاہتے ہیں اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو وہ رو رو کر آسمان سر پر اٹھا لیتے ہیں مگر ایک خاتون نے اس بات کا ایسا حل نکالا جسے جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔
لیرانی کلارک نامی خاتون کا کہنا ہے کہ میرے چودہ ماہ کے بیٹے ہیری کو بال نوچنے کی اتنی بری عادت تھی کہ اس وجہ سے اکثر سر میں درد رہنے لگا تھا۔ میرے بال بھی بہت زیادہ خراب ہوگئے تھے کیونکہ وہ سوتے، جاگتے ، کھاتے ، پیتے اور کھیلنے کے دوران میرے بال نوچتا رہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وقت ایسا آیا کہ سر میں شدید درد رہنے لگا جس کے بعد میں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا تو اُس نے یہی وجہ بیان کی۔
لیرانی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے شوہر کیساتھ باہمی مشورہ کر کے ایک کھلونے والے سے رابطہ کیا جس نے میری شکل والی گڑیا بنا کر دی اور اُس کے بال بھی بالکل ویسے ہی رکھے۔ خاتون نے بتایا کہ اب اُن کا بیٹا سر لے کر سارے گھر میں گھومتا پھرتا اور دن آرام سے گزارتا ہے۔ اب رات میں سونے کی پریشانی بھی نہیں ہوتی کیونکہ ہم ہیری کے برابر میں گڑیا کا سر رکھ دیتے ہیں، وہ بال پکڑ کر ویسے ہی سوتا ہے جیسے میرے ساتھ سوتا تھا۔