ریسکیو اہلکار نے انگلیوں سے مگرمچھ کی آنکھیں پھوڑ کر خود کو بچا لیا

Last Updated On 18 November,2019 11:11 am

سڈنی: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں ایک ریسکیو اہلکار نے مگرمچھ کی آنکھوں پر اپنی انگلیوں سے پےدرپے وار کر کے خود کو مضبوط جبڑوں سے آزاد کرا لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ادارہ تحفظ جنگلی حیات کے ایک اہلکار نے 9 فٹ لمبے اور تیز دھار جبڑے والے مگرمچھ کے مضبوط شکنجے میں پھنسنے پر ہمت نہیں ہاری اور اپنی حاضر دماغی کے باعث زندگی کی جنگ جیت لی۔

کریگ ڈکمین نے مچھلی کے شکار کیلئے شمالی آسٹریلیا کے ایسے علاقے کا رخ کیا جسے لاتعداد مگر مچھوں کی موجودگی کے باعث مگرمچھوں کا ملک کہا جاتا ہے۔ مچھلی کے شکار کے بعد ساحل سے باہر آتے ہوئے انہیں مگرمچھ نے دبوچ لیا۔

باریک اور تیز دھار دانتوں سے مگرمچھ نے کریگ ڈکمین کی ران کو جبڑے میں دبوچا اور گھسیٹتے ہوئے واپس پانی میں لے جانے لگا، آسٹریلوی شخص نے مگرمچھ پر راڈ سے وار کئے لیکن مگر مچھ ٹس سے مس نہ ہوا۔

وائلڈ لائف اہلکار نے پیشہ ورانہ تجربے کو استعمال میں لاتے ہوئے مگر مچھ کی آنکھوں میں اپنی انگلیاں داخل کردیں جسے مگر مچھ برداشت نہ کرسکا اور گرفت کمزور پڑ گئی۔ موقع غنیمت جان کر ڈکمین مگرمچھ کی پیٹھ پر چڑھ گیا اور جبڑے کو مچھلی پکڑنے کے تار سے باندھ کر قابو کر لیا۔