بنکاک: (روزنامہ دنیا) تھائی لینڈ کے غریب کچرا چننے والے شخص کو اچانک ایک عجیب شے ملی ہے جسے ’’‘وہیل کی قے‘‘ کہا جاتا ہے اور اس کا تکنیکی نام ’’ایمبرگیس‘‘ ہے جس کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کی قیمت ایک لاکھ ڈالر (ایک کروڑ 56لاکھ روپے تقریباً) بتائی گئی ہے۔ سومسک بونرتھ ٹیوراٹاؤ جزیرے پر ساحل کنارے کچرا چن رہا تھا کہ کہ اس کا پاؤں ایک بڑے، موم جیسے چکنے زرد گولے سے ٹکرایا جسے اس نے اٹھا لیا۔
اس سے بو آ رہی تھی لیکن اسے کئی مراحل سے گزارے جانے کے بعد اس سے خوشبو اور دیگر اشیا بنائی جاتی ہیں۔ پرفیوم بنانے والی کمپنیاں اس کو ہاتھوں ہاتھ خریدتی ہیں کیونکہ یہ بہت سی اعلی خوشبووں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے یہاں تک کہ آبی حیات کے ماہرین اس قے کو تیرتا ہوا سونا بھی کہتے ہیں۔