بندروں سے چھٹکارے کے لیے کتا بنا شیر

Last Updated On 04 December,2019 12:48 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کے مختلف سیاحتی مقامات پر بندر انسانوں کے لیے وبال جان بنے ہوتے ہیں، ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مختلف مقامات میں متعدد طریقے اختیار کیے جاتے ہیں اسی طرح کی ایک خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر بندروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ایک گاؤں میں پالتو کتے کو چیتے جیسے بنا دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی کسان جو ریاست کرناٹک سے تعلق رکھتا ہے نے بندروں کے حملوں سے تنگ آکر پالتو کتے کو چیتے جیسا بنا دیا اور زمین پر بھی چیتوں کے بڑے بڑے پوسٹرز چپکا دئیے تاکہ بندروں کو ڈرا سکے۔

کسان نے بندروں کے حملوں سے تنگ آکر انہیں ڈرانے کے لیے انوکھا حل تلاش کر لیا۔ کرناٹک کے سریکانت گوڈا نامی کسان نے زمین پر بندروں کے جُھنڈ کو ڈرانے کے لیے رکھوالی کرنے والے کتے کو چیتے کی طرح رنگ دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارتی کسان کا یہ انوکھا طریقہ دنیا بھر میں مشہور ہو گیا۔

کسان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کتے کے جسم پر چیتے کی طرح کالی دھاریاں سپرے کلر سے بنائیں اور ساتھ ہی ہلکا سفید رنگ بھی اسپرے کیا تاکہ وہ اصلی چیتے کی طرح نظر آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ بندروں کا جُھنڈ ان کی فصلوں کو خراب کردیتا ہے اور انہیں امید تھی کہ ان کا یہ طریقہ اس مسئلے میں کار آمد ثابت ہوگا۔

سریکانت گوڈا کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے نہ صرف اپنے کتے کو ایک چیتے کی طرح رنگ کیا بلکہ اپنی زمین پر بھی چیتوں کے بڑے پوسٹر زبھی لگائے۔

سریکانت کا کہنا تھا کہ ان کا یہ طریقہ امیدوں پر پورا اترا ہے اور وہ دوسرے کسانوں کو بھی اس کی تجویز دیتے ہیں۔