ماسکو: (روزنامہ دنیا) روس کے دارالحکومت ماسکو کے ایک میوزیم میں آنے والے سیاحوں کیلئے لاکھوں ڈالرز سے بھری کرسی نمائش کیلئے پیش کر دی گئی ہے، یہ کرسی 10 لاکھ ڈالرز کے نوٹوں سے بھری ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ‘منی تھرون ایکس 10 ایک ایسی کرسی ہے جو کہ ڈھائی انچ بلٹ پروف گلاس کی پرت کی مدد سے بنائی گئی ہے۔ یہ منفرد کرسی اندر سے ایک ملین ڈالرز مالیت کے نوٹوں سے بھری ہوئی ہے، لاکھوں ڈالرز سے بھری یہ کرسی روسی دارالحکومت کے شمال میں آرٹ میوزیم میں نمائش کیلئے پیش کی گئی ہے۔ اس کرسی کو روسی فنکار الیکسی سرجینکو نے ارب پتی کاروباری شخصیت ایگور رایباکوف کی شراکت سے تیار کیا ہے۔
47 سالہ بلڈنگ مٹیریل سیلزمین نے ایک سماجی تقریب کے موقع پر اس کرسی کی نقاب کشائی کی۔ روس کے صنعتی شہر میگنیٹوگورسک سے تعلق رکھنے والے رایباکوف روس کی چھت سازی اور انسولیشن کا مواد اور سسٹم بنانے والی سب سے بڑی صنعت ٹیکنوکول کارپوریشن کے مالک ہیں۔رایباکوف اپنی دولت کے ذریعے سب کی توجہ حاصل کرنے کیلئے منفرد کام کرنے کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔