لندن: (روزنامہ دنیا) اچھوتے اور حیرت انگیز ملبوسات بنانے والی برطانوی سٹارٹ اپ کمپنی ‘‘وول بیک’’ نے ایک نئی جیکٹ پیش کی ہے جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ یہ فولاد سے 15 گنا زیادہ مضبوط ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کی تیاری میں جو کپڑا استعمال ہوا ہے وہ ‘‘ڈائنیما’’ کہلانے والے دھاگے سے بنایا گیا ہے جبکہ ڈائنیما وہ ریشہ ہے جسے بلٹ پروف جیکٹوں، دھماکوں سے محفوظ فوجی گاڑیوں، بحری جہازوں میں بھاری لنگر تھامنے والی رسیوں اور تیل کے کنوؤں میں دیوقامت فولادی برمے تھامنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ ریشہ فولاد سے 15 گنا زیادہ مضبوط ہے اسی لئے ‘‘وول بیک’’ کا کہنا ہے کہ اس سے بنی جیکٹ بھی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔ اس نئی جیکٹ کو ‘‘اِن ڈسٹرکٹیبل پفر’’ کا نام دیا گیا ہے، اس کا وزن 2.5 کلو گرام ہے۔ یہ جیکٹ اتنی مضبوط ہے کہ فوجی استعمال کا تیز دھار چاقو بھی اس میں سوراخ نہیں کرسکتا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ‘‘اِن ڈسٹرکٹیبل پفر’’ نہ صرف کلاشنکوف کی گولی روک سکتی ہے بلکہ یہ شدید سردی میں بھی آپ کے جسم کو گرم رکھتی ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت 995 ڈالر رکھی گئی ہے۔