ٹوکیو: (روزنامہ دنیا) دنیا میں بہت سے لوگ اس صلاحیت کے مالک ہوتے ہیں کہ وہ کسی بھی چیز کو دیکھ کر پینٹنگ یا سکیچنگ کے ذریعے اسے حقیقت سے قریب تر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بالکل اسی طرح جاپان کے کوہی اوہموری نامی نوجوان آرٹسٹ کاغذ پر پینسل کے ذریعے اپنی غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی چیز کا ایسا خاکہ تیار کرتے ہیں کہ اس کو دیکھنے والا کوئی بھی شخص دنگ رہ جاتا ہے۔
یہ جاپانی فنکار میٹل یعنی دھات سے بنی ہوئی اشیا کے تھری ڈی سکیچ پینسل کی مدد سے تیار کرتے ہیں۔ 25 سالہ نوجوان آرٹسٹ اپنے ایک سکیچ کو مکمل کرنے میں سیکڑوں گھنٹے گزار دیتے ہیں ۔ کوہی اوہموری سب سے پہلے ایک سافٹ ڈرنک کے کین کی تصویر بنا کر 2017 میں دنیا بھر میں مشہور ہوئے تھے۔
جاپانی فنکار نے ایک نٹ بولٹ کا سکیچ بنایا جسے دیکھ کر کوئی اس بات کا یقین نہیں کر سکتا کہ اسے پینسل سے بنایا گیا ہے، ان کے بھائی نے بتایا کہ انہیں اس سکیچ کو مکمل کرنے میں 280 گھنٹے لگے تھے۔