لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے شاہی قلعے میں بادشاہوں کی نظر نہ آنے والی دنیا کا ایک اور در وا ہو گیا۔ دیوان عام کے عین نیچے ملنے والے تہہ خانے نے اِسے دریافت کرنے والوں کے لیے مزید آگے بڑھنے کے راستے بھی کھول دئیے ہیں۔
شاہی قلعے میں واقع دیوان عام میں بادشاہوں کی ایک تو وہ دنیا تھی جو دکھائی دیتی تھی۔ اِس کے جھروکوں میں بیٹھ کر وہ اپنی رعایا کی درخواستیں سنا کرتے تھے۔ اِسی کے نیچے اُن کی ایک نظر نہ آنے والی دنیا بھی سامنے آ گئی ہے۔
اِس تہہ خانے میں تین بڑے کمرے سامنے آئے ہیں جہاں خوب صورت محرابیں بھی بنی ہوئی ہیں۔ چراغ روشن کرنے کے لیے ان دیواروں میں مخصوص جگہیں بنی ہوئی بھی نظر آتی ہیں۔
سینکڑوں سال گزر جانے کے باوجود یہ بہت اچھی حالت میں سامنے آیا ہے۔ مغلوں کی طرز تعمیر کی یہی خاص بات ہے کہ کسی تعمیر کا صرف ایک سرا ہاتھ لگ جائے تو باقی سب کچھ خود ہی سامنے آنے لگتا ہے۔