نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پیاز کا بحران تیزی سے بڑھتا جا رہا ہے، وہاں پر ایک کلو پیاز کی قیمت 200 بھارتی روپیہ کی سطح پر پہنچ گئی ہے جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 440 روپے بنتی ہے، ایک حیران کن خبر بھارت سے آئی ہے جہاں ریاست تامل ناڈو میں ایک دکاندار نے موبائل فون کی فروخت میں اضافہ کیلئے ایک انوکھی پیشکش کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دکان مالک کی طرف سے ایک حیران کن آفر کی ہے، اس حیران کن آفر کے ساتھ دکاندار نے مارکیٹنگ کا نیا انداز بھی متعارف کرا دیا ہے۔ ایس ٹی آر موبائلز نامی سٹور نے صارفین کو ایک موبائل فون خریدنے پر ایک کلو مفت پیاز کی پیشکش کی ہے۔
دکان کے مالک کا کہنا تھا کہ بھارت میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہم نے سوچا کہ موبائل فون خریدنے والے کو ایک کلو مفت پیاز دینے سے ہماری دکان مقبول ہوجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سکیم کو ایک ہفتہ قبل متعارف کرایا تھا اور ایسا کرنے سے واقعی ان کی دکان کی فروخت میں اضافہ بھی ہوا۔ سکیم صارفین کو پُر کشش لگی جس کی وجہ سے ان کی دکان پر پہلے سے زیادہ خریدار آنا شروع ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دکان مالک کا کہنا تھا کہ میں پہلے ایک دن میں 3 سے 4 موبائل فون فروخت کیا کرتا تھا لیکن جب سے اس سکیم کا اعلان کیا اس کے بعد سے میرے دن میں 10 فون فروخت ہونا شروع ہوگئے۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہم اس دکان سے اپنی پسند کی چھوٹی یا بڑی پیاز مفت میں حاصل کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں پیاز کی بڑھتی قیمت نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔ حال ہی میں بھارتی ریاست تامل ناڈو میں شادی کے موقع پر ایک جوڑے کو پیاز سے بنا ہوا گلدستہ تحفے کے طور پر دیا گیا تھا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔