لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگ کھانے پینے کے شوقین ہیں، اس کے لیے آن لائن طریقے اپناتے ہوئے کھانا آرڈر کرتے ہیں، تاہم حیران کن طور پر ایک خبر امریکا سے آئی ہے جہاں ایک خاتون نے چکن سینڈوچ کے بدلے غلط آرڈر لانے پر پولیس بلا لی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس کو عام طور پر کسی سنگین مسئلے یا ایمرجنسی کے دوران طلب کیا جاتا ہے کہ لیکن حال ہی میں امریکی خاتون نے انوکھے مسئلے پر پولیس کو طلب کر لیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی خاتون کا تعلق ریاست وسکونسن سے ہے، اس خاتون کو نہ ہی کسی مدد کی ضرورت تھی اور نہ ہی کسی ایمرجنسی کی صورت حال کا سامنا تھا بلکہ انہوں نے صرف اسلئے پولیس کو کال کی کہ کے ایف سی ریسٹورانٹ نے چکن سینڈوچ کے بدلے انہیں غلط آرڈر دے دیا۔
ریسٹورانٹ انتظامیہ نے خاتون سے کہا کہ آپ کوئی دوسرا سینڈوچ منگوالیں لیکن خاتون نے انکار کردیا۔ اسی دوران خاتون نے پولیس کو کال کی اور شکایت کی کہ ریسٹورانٹ نے انہیں دوسرا سینڈوچ دینے کا کہا، وہ یہ سینڈوچ نہیں کھانا چاہتی اور یہ کہ انہیں اپنے پیسے واپس چاہیں۔
پولیس حکام بھی خاتون کی شکایت پر حیران ہوگئے۔ انہوں نے خاتون اور ریسٹورانٹ سٹاف دونوں کو سمجھایا کہ یہ پولیس کا معاملہ نہیں ہے اسے آپس میں خود ہی حل کیا جائے۔