دُلہا نے منہ دکھائی میں دُلہن کو پیاز اور لہسن کا ہار پہنا دیا

Last Updated On 16 December,2019 09:23 am

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارت میں بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے پیاز کو اب سونے کے طور پر دیکھا جانے لگا ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہونے والی شادی میں دلہا نے منہ دکھائی میں دلہن کو پھولوں کے بجائے پیاز اور لہسن کا ہار پہنایا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی میں دلہا نے دلہن کو پیاز اور لہسن کا ہار پہنا کر محبت کا اظہار کیا اور زندگی بھر ساتھ رہنے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر مہمان بھی پیچھے نہ رہے اور نوبیاہتا جوڑے کو مختلف سبزیوں سے بنے ہار پہنائے۔ بھارت میں ان دنوں سبزیوں کی قیمتیں اتنی زیادہ ہو گئی ہیں کہ لوگ حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر خوشی کے موقع پر پھولوں کے بجائے سبزیوں کے ہار پہنا رہے ہیں۔

شادی میں آئے ایک مہمان کا کہنا تھا کہ پیاز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تو ہم نے سوچا سونے کی جگہ پیاز ہی تحفے میں دیں۔