نئی دہلی: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹریفک کا مسئلہ گھمبیر صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، دنیا بھر میں اس مسائل پر قابو پانے کے لیے لا تعداد ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں اس کے باوجود ٹریفک کا بڑھتا ہوا مسئلہ کنٹرول ہونے کا نام نہیں لے رہا، اس حوالے سے ایک دلچسپ خبر بھارت سے آئی ہے جہاں پر کنٹرول پانے کے لیے حکام نے دلچسپ انداز اپنایا ہے اور پولیس اہلکار کی طرح پتلے تعینات کر دیئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے ہو بہو ٹریفک پولیس اہلکار کی طرح پُتلے تعینات کر دیئے گئے ہیں۔
شہر میں ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کے لیے کرناٹکا کی ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک پولیس کی طرح پُتلے تعینات کیے گئے ہیں جنہیں ان کی ہی طرح یونیفارم پہنا کر شہر کی اہم شاہراہوں پر کھڑا کیا گیا ہے۔
پُتلوں کو سفید شرٹ، خاکی رنگ کی پینٹ، سفید کیپ اور کالے جوتے پہنا کر اسی طرح کھڑا کیا گیا ہے جیسے ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوتے ہیں۔ ان پُتلوں کو دیکھنے سے شہریوں کو ایسا لگ رہا ہے کہ اصلی میں ٹریفک پولیس اہلکار کھڑے ہوئے ہیں۔
کرناٹکا کے جوائنٹ کمشنر آف ٹریفک پولیس ڈاکٹر بی آر رویکانتھ گوڈا کا کہنا تھا کہ ان پُتلوں کو تعینات کرنے کے بعد بیحد مثبت ردِ عمل سامنے آیا ہے، ایسے شہری جو عادتاً ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، یہ پتلے اُن کے لیے کارآمد ثابت ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اب جلد ان پُتلوں کے پاس سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کرینگے تاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کی جا سکے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے گئے اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے اور شہریوں کا کہنا ہے کہ ان پُتلوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل میں واقعی کمی دیکھنے میں آئی ہے کیونکہ لوگ ان پُتلوں کو اصلی ٹریفک پولیس اہلکار سمجھ رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس کمشنر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب کوئی ڈرائیور اس پتلے کو دور سے دیکھتا ہے تو لگتا ہے کہ اصل پولیس اہلکار ہیں اور وہ رُک جاتا ہے لیکن جیسے ہی انہیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ نقلی ہے تو وہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
اسی ضمن میں انہوں نے بتایا کہ ہم اگلے ہی دن اس جگہ پر اصلی پولیس اہلکار تعینات کرتے ہیں، جب ڈرائیور دوبارہ قانون کی خلاف ورزی کرنے لگتا ہے تو ہم اس بار اسے پکڑ لیتے ہیں۔