7 ماہ کا بچہ امریکی ریاست کا میئر

Last Updated On 18 December,2019 05:56 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ سیاست میں اپنے آپ کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں رہتے ہیں، چند افراد وزیراعظم تک پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں جبکہ صرف ریاستی یا ضلعی سیاست تک ہی محدود رہتے ہیں، ضلعی سیاست میں کامیاب ہونے کے لیے چند سیاسی رہنما خوب تگ و دو کرتے ہیں اور میئر یا ضلع ناظم کی سیٹ حاصل کرتے ہیں، تاہم ایک حیران کن خبر امریکا سے آئی ہے جہاں سات ماہ کا بچہ میئر بن گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بظاہر اس خبر کسی کو یقین نہیں آ رہا ہے تاہم یہ خبر امریکی ریاست ٹیکساس کی ہے جہاں سات ماہ کا بچہ امریکی تاریخ کا سب سے کم عمر ترین میئر بن گیا۔

ولیم چارلس میک ملن چارلی نے ریاست ٹیکساس کے جنوبی علاقے گریمیز کاؤنٹی کے میئر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب میں سیکڑں افراد شریک تھے جنہوں نے نومنتخب میئر کا والہانہ استقبال کیا۔

پرقار تقریب میں نومنتخب میئر چارلی نے روایتی ٹوکسیڈو زیب تن کیا تھا اور ہال میں موجود شرکاء نے تالیاں بجا کر نئے ممبر کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر چارلی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ہمیں برداشت اور تحمل کے رویے اپناتے ہوئے امریکا کو پھر سے میک امریکا کائنڈ اگین کی طرف لے جانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ خواہ ریپبلکن ہوں، ڈیموکریٹس یا پھر انڈیپینڈنٹ، چارلی آپ سب سے پیار کرتا ہے، جیسا کہ ہمارے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمیشہ سب سے پہلے امریکا کے نعرے کو دہراتے ہیں۔

وائٹ ہال والنٹیئر ڈیپارٹمنٹ میں ہر سال کی طرح چارلی بھی اپنی کمیونٹی کو عہدے کی مدت ختم ہونے تک میئر کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔