بچوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے سکول کا انوکھا اقدام

Last Updated On 24 December,2019 12:26 pm

برلن: (روزنامہ دنیا) نیند کی کمی پوری کرنے کیلئے سکولز کے اوقات ایک گھنٹہ دیر سے شروع کرنے کے فوائد پر بھی تحقیقات کی گئی ہیں لیکن جرمنی کے ایک سکول نے منفرد تجربہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مغربی جرمنی کے ایلڈورف ہائی سکول نے ڈالٹن پلان نامی تعلیمی پروگرام پر عمل کرتے ہوئے سکول آنے کے اوقات اور پڑھانے کے طریقہ کار کو طلبا کی مرضی سے ہم آہنگ کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صبح 8 بجے سکول کا آغاز کرنے کے بجائے طلبا کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو پہلا پیریڈ چھوڑ کر ایک گھنٹہ دیر سے آ سکتے ہیں۔

سکول انتظامیہ بچوں کی آسانی کے پہلے پیریڈ میں نہ آنے کی تلافی بعد ازاں ہفتے کے اختتام پر اضافی پڑھائی کے ذریعے کر ا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 9 ہفتوں کے تجربے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ صرف ایک گھنٹہ دیر سے تعلیم شروع کرنے کے باعث طلبا کی نیند میں بہت بہتری آ گئی، اوسطاً طلبا کی نیند میں تقریباً ایک گھنٹہ اضافہ ہوا اور وہ 6.9 گھنٹے سونے کے بجائے 8 گھنٹوں کی نیند لینے لگے جبکہ انہوں نے کم تھکن محسوس کی، تعلیم کے دوران ان کا فوکس بھی بڑھ گیا اور گھر پر جا کر پڑھائی کرنے کی صلاحیت بھی زیادہ ہو گئی۔