لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر اوقات ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جو حیران اور پریشان کر دیتی ہیں ، ایسی ہی ایک خبر میکسیکو سے آئی ہے جہاں پر ایک لڑکی شادی کی تقریب میں زبردستی گھس گئی اور دلہن کے منہ پر تھپڑ رسید کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ میکسیکو سٹی میں پیش آیا ہے جہاں رچرڈ نامی نوجوان کی شادی ہو رہی تھی۔ اس دوران یہ لڑکی ایک طوفان کی طرح تقریب میں آئی اور آتے ہی دلہن کے منہ پر تھپڑ دے مارا اور دولہا کو مخاطب ہو کر بولی کہ چرڈ تم اس کے ساتھ شادی نہیں کر سکتے۔ میں تم سے محبت کرتی ہوں۔
لڑکی کو تقریب میں موجود مہمانوں نے پکڑ لیا اور لگ بھگ گھسیٹتے ہوئے تقریب سے باہر لے گئے۔ منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب لڑکی دلہن کو تھپڑ مارتی ہے تو دولہا اپنی دلہن کے دفاع میں آگے آتا ہے اور چلا کر لوگوں سے کہتا ہے کہ اس لڑکی کو باہر نکالو۔
ویڈیو پر کمنٹس میں لوگ لڑکی کی اس حرکت پر اپنے تکے لگا رہے ہیں۔ ایک شخص نے دولہا کو اس واقعے کا قصور وار ٹھہراتے ہوئے لکھا ہے کہ دولہے نے اس لڑکی کے ساتھ بھی تعلق قائم کیا اور اب شادی کسی اور لڑکی سے کر رہا ہے۔
ایک اور شخص نے لکھا کہ دلہن کو غور سے دیکھو، وہ بھی شک میں مبتلا ہے کہ اس کا دولہا بے وفا شخص ہے۔