شنگھائی: (ویب ڈیسک) والدین کی طرف سے پڑھائی کی طرف بچوں کو راغب کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنائے جاتے ہیں جبکہ کچھ بچے والدین کی ضد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعلیم کی بجائے دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں اور اس جنون میں کچھ کامیاب اور کچھ ناکام ہو جاتے ہیں، اسی طرح ایک خبر چین سے آئی ہے جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، خبر کے مطابق چین میں والد نے ہوم ورک نہ کرنے پر بیٹے کو بھکاری بنا دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبر سے معلوم ہوا ہے کہ 10 سالہ بچہ شنگھائی ریلوے سٹیشن پر بھیک مانگ رہا تھا لیکن پیشہ ور بھکاری نہیں تھا بلکہ ہوم ورک نہ کرنے پربھکاری بنا ہوا تھا۔ بچے کا باپ اپنی اس حرکت کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق چند روز پہلے شنگھائی پولیس کو معلوم ہوا کہ چھوٹی عمر کا ایک بچہ وہاں کے ریلوے اسٹیشن پر کشکول لیے، گھٹنوں کے بل بیٹھا ہے اور ہر آنے جانے والے سے بھیک مانگنے لگا ہوا ہے، اطلاع ملتے ہی پولیس نے بچے کو حراست میں لیا اور تھانے لے گئی۔
جب اس بچے سے پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ بچہ سکول سے ملنے والا ہوم ورک نہیں کرتا تھا جس پر اس کے والد کو شدید غصہ تھا۔ آخرکار تنگ آکر انہوں نے انوکھی سزا سنائی اور کشکول لے کر بھیک مانگنے کےلیے شنگھائی ریلوے اسٹیشن کے دروازے پر کھڑا کردیا۔
جب اس بچے کی ماں کو بلوایا گیا تو اس نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ہوم ورک نہ کرنے پر اس بچے کی استانیاں بار بار شکایت گھر بھجواتی تھیں۔ بچے کو بہت سمجھایا گیا لیکن وہ اپنی عادت سے باز نہ آیا جس پر زِچ ہو کر اس کے باپ نے سزا کے طور پر اسے بھکاری بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ اسے ان پڑھ رہ جانے کی صورت میں بھکاریوں والی زندگی کا حقیقی معنوں میں ادراک ہوسکے۔
بچے کی والدہ کا کہنا تھا کہ میں اس طرح کی سزا کے سخت خلاف ہوں لیکن شوہر کی مرضی کے آگے میری ایک نہ چلی۔ پولیس نے وارننگ دے کر بچے کو اس کی ماں کے ساتھ گھر واپس بھیج دیا۔
چین کی ایک مقامی ویب سائٹ نے خبر تو جاری کردی لیکن صحافتی اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بچے اور اس کے والدین سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا کہ وہ اصل میں کون ہیں۔
یاد رہے کہ اس عمر کے بچوں کو سزا دینے کا مقصد انہیں نصیحت کرنا ہوتا ہے نہ کہ ان کی عزتِ نفس مجروح کرتے ہوئے ان کی شخصیت کو مسخ کرنا۔ یہی وجہ ہے کہ بچے کے باپ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ ہوم ورک نہ کرنا اگرچہ کوتاہی ضرور ہے لیکن یہ کوئی ایسا جرم ہر گز نہیں کہ جس کی سزا کے طور پر بچے کو بھکاری بنا کر ریلوے اسٹیشن پر کھڑا کردیا جائے۔