چین اور پاکستان زرعی شعبے میں تعاون کیلئے قریب آ رہے ہیں، چینی سفیر یاؤ ژنگ

Last Updated On 18 December,2019 09:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین کے سفیر یاؤژنگ نے کہا ہے کہ جب تک کسان خوش حال نہیں ہوگا، دنیا کی کوئی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ہر سال 18 دسمبر کو کسان ڈے سرکاری طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پارلیمنٹ یہ دن منائے گی۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سرسبز کسان تقریب سے خطاب میں کہا کہ کہ کسانوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کسانوں کے حقوقِ کے لیے ہر لابی سے لڑیں گے۔ زرعی شعبے میں لابیز کام کر رہی ہیں۔ یہ لابیز فیصلوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ پہلی بار پارلیمنٹ میں کسانوں کیلئے لابی قائم کی گئی ہے۔ زراعت کے شعبے میں ایکسپرٹ گروپس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ کسانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے خصوصی زرعی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

چین کے سفیر یاؤژنگ نے اس تقریب سے خطاب میں کہا کہ چین نے زرعی شعبے میں اصلاحات کرکے ترقی کی۔ جب تک کسان خوشحال نہیں ہوگا، معیشت خوشحال نہیں ہوگی۔ پاکستان اور چین زرعی شعبے میں تعاون بڑھا رہے ہیں۔ چین پاکستان میں غربت میں کمی کے لیے چار مراکز قائم کر چکا ہے۔

چینی سفیر یاؤژنگ کا مزید کہنا تھا کہ چین زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ چین اور پاکستان زرعی شعبے میں تعاون کیلئے قریب آ رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت زرعی شعبے میں ورکنگ گروپ قائم کیا گیا۔ زرعی شعبے میں حکومتی سطح پر تعاون کیا جا رہا ہے۔ پاکستان بھر میں زرعی تحقیقاتی مراکز کے قیام میں تعاون کر رہے ہیں۔