بیجنگ: (ویب ڈیسک) میاں بیوی کا تعلق ہر مہذب معاشرے میں اہمیت رکھتا ہے، اپنی شادی کے بندھن کو مضبوط کرنے کے لیے چند شوہر اپنی بیویوں جبکہ کچھ بیویاں اپنے شوہر کے دل جیتنے کے لیے نت نئے طریقے اپناتے رہتے ہیں، اسی طرح ایک دلچسپ مناظر چین میں دیکھنے کو ملے جسے دیکھ کر ہر کوئی شوہر کو خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق چین میں ایک شخص حاملہ بیوی کے لیے سرعام انسانی کرسی بن گیا ، اہلیہ کے لیے احسن اقدام کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر سے لوگ شخص کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔
زیر نظر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چین کے ایک ہسپتال میں شادی شدہ جوڑا کسی کے انتظار میں چہل قدمی کر رہا تھا کہ تھکن کی وجہ سے حاملہ بیوی کو بیٹھنے کی ضرورت پیش آئی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں نے اطراف میں نظریں دوڑائیں تو کوئی بھی نشست خالی نہ ملی، بیوی کی تھکاوٹ کی شدت کو دیکھتے ہوئے شوہر نے فوری طور پر بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے راہداری میں ہی خود کو انسانی کرسی بنا کر بیوی کو بیٹھنے کی جگہ فراہم کردی۔
وہاں موجود ایک شخص نے پورے منظر کو کیمرے کے ذریعے موبائل میں ریکارڈ کر لیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کردی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شوہر زمین پر بیٹھا ہے اور اس کی پشت پر حاملہ بیوی براجمان ہے۔
دنیا بھر میں لوگ شوہر کے اس ہمدردانہ رویے اور حاملہ بیوی کی دیکھ بھال کے جذبے کو سراہتے ہوئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔