لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں جانوروں کے ساتھ انسانوں کی انسیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، امریکا، یورپ، امریکا، برطانیہ میں جانوروں کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے، کچھ لوگ جانوروں کے ساتھ ضرورت سے زیادہ انسیت رکھتے ہیں، اسی طرح کی ایک خبر امریکا سے آئی ہے جہاں پر پالتو کتے کو ڈھونڈنے کے لیے خاتون نے کرائے پر جہاز حاصل کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سان فرانسسکو کی رہائشی ایمیلی کا پالتو کتا چند روز قبل ایک شاپنگ اسٹور کے باہر سے غائب ہو گیا تھا۔ ایمیلی اپنے پالتو کتے سے اس قدر پیار کرتی تھیں کہ اس نے پالتو جانور کو ڈھونڈنے کے لیے جہاز ہی کرائے پر حاصل کر لیا جس پر وہ اپنے گمشدہ پالتو کتے کو تلاش کریں گی۔
لڑکی نے اعلان کیا کہ جو پالتو کتے کو ڈھونڈ کر دے گا وہ 7 ہزار امریکی ڈالرز کی انعامی رقم بھی حاصل کر سکے گا، اس جہاز پر بینر بھی آویزاں ہوگا، ایمیلی نے اپنے 5 سالہ آسٹریلین شیپرڈ پالتو کتے جیکسن کی ایک ویب سائٹ بھی بنا رکھی ہے جس کا نام بھی بینر پر تحریر ہو گا۔
یہ جہاز سان فرانسسکو سے لے کر اوک لینڈ تک دو گھنٹے تک چکر کاٹے گا اور دو گھنٹے جہاز کو کرائے پر خریدنے کے لیے ایمیلی نے 1200 ڈالرز خرچ کیے ہیں۔
ایمیلی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پالتو کتے جیکسن سے بے حد محبت کرتی ہیں، کتا ہر وقت میرے ساتھ رہتا تھا، مجھے کسی بھی قیمت پر اپنے کتے کو ڈھونڈنا ہے۔
دوسری جانب لڑکی نے اپنے پالتو کتے کو ڈھونڈنے کے لیے شہر بھر میں ہزاروں فلائیرز بھی تقسیم کیے ہیں۔