امتحان میں شرکت نہ کرنے دینے پر سکول بم سے اڑانے کی دھمکی

Last Updated On 24 December,2019 08:20 pm

صنعاء: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اکثر طالبعلموں کی بڑی تعداد امتحانات میں شرکت کے لیے پر جوش ہوتے ہیں، کچھ طلبہ امتحان میں ناکامی پر بڑا قدم اُٹھا لیتے ہیں، جبکہ کچھ ہر سال نئے ریکارڈ بناتے رہتے ہیں، امتحانات میں شرکت کے حوالے سے ایک خبر یمن سے آئی ہے جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے جہاں پر ایک لڑکی امتحان میں شرکت نہ کرنے دینے پر سکول کو بم سے اڑنے کی دھمکی دیدی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی خوف کے عالم میں سکول سے باہر آ رہی ہیں۔

یمن کے وسط میں واقع اِب گورنری میں لڑکیوں کے ایک سکول میں اس وقت ہنگامہ برپا ہوگیا جب ایک طالبہ کوامتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہ ملنے پراس نے سکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی دے ڈالی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ المشنہ ڈاریکٹوریٹ میں اس وقت پیش آیا جب ایک گرلز سکول کی انتظامیہ نے فیس کی عدم ادائیگی پر طالبہ کو سیکنڈ ٹرم کے امتحان میں شامل ہونے سے روک دیا۔

طالبہ اس وقت وہاں سے چلی گئی اور کچھ دیر بعد ایک دستی بم لے کر آئی اور سکول کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔ اس پر ہر طرف سکول میں افراتفری پھیل گئی۔

اہل علاقہ کو جب اس معاملے کا پتہ چلا تو اُنہوں نے بچیوں کو بچانے کیلئے سکول پردھاوا بول دیا۔ لوگ دروازے توڑ کر سکول میں داخل ہو گئے اور وہاں سے بچیوں کو باہر نکال لیا۔

دستی بم سے حملے کی دھمکی کے بعد سکول میں پیدا ہونے والی صورت حال کی ایک فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں طالبات کو خوف زدہ دیکھا جا سکتا ہے۔