زیورخ: (روزنامہ دنیا) افریقی بھورے طوطے دنیا بھر میں پالتو کے طور پر رکھے جاتے ہیں اور اب معلوم ہوا ہے کہ انسانوں کی طرح ایک طوطا اپنے ہی قبیلے کے دوسرے طوطے کی مدد کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ نے تجرباتی طور پر 8 طوطوں کو شیشے کے کمروں میں رکھا اور شیشے میں ایک گول چھوٹا سوراخ کر دیا گیا، اس سے دو پرندے ایک دوسرے سے رابطہ کرسکتے تھے۔ سائنسدانوں نے ہر طوطے کو تربیت دی کہ اگر وہ دھات کا ایک سکہ دے گا تو اسے کھانے کیلئے خشک پھل ملے گا۔
سائنسدانوں نے کچھ پرندوں کو ایک سے زائد ٹوکن دئیے اور کچھ پرندوں کو ایک بھی سکہ نہیں دیا گیا۔ تجربے میں دیکھا گیا کہ گرے طوطے نے سوراخ کے ذریعے دوسرے کو سکہ دیا تاکہ وہ بھی پھل کھا سکے، اس طرح تمام پرندوں نے ایک دوسرے کی مدد کی ۔ اس طرح معلوم ہوا کہ ایک طوطا دوسرے طوطے کی ضرورت کے وقت مدد کرتا ہے۔