شوہر نے بیوی کو ’جہاز نما گھر‘ تحفہ میں دیدیا

Last Updated On 19 January,2020 11:39 pm

نائیجر: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے کو انعامات دینے کے لیے لگژری ترین چیزیں دیتے ہیں، کچھ شوہر اپنی بیویوں کو نت نئے گھر خرید کر دیتے ہیں، اسی حوالے سے ایک حیران کن خبر نائیجیریا سے آئی ہے جہاں پر ایک شخص نے اپنی بیوی کو ’جہاز نما گھر‘ تحفہ میں دیدیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے دارلحکومت ابوجا کے علاقے میں سڑک کے بیچوں بیچ نظر آنے والی جہاز جیسی شہ اصل میں طیارہ نہیں بلکہ ایک گھر ہے جو ایک شخص نے اپنی اہلیہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے تعمیر کروایا۔

انسائیڈر کی رپورٹ کے مطابق سیّد جمال نامی شخص نے گھر اپنے 6 بچوں اور اہلیہ لیزا کے لیے تعمیر کیا جسے گھومنے پھرنے کا بےحد شوق ہے۔ تعمیراتی صنعت سے وابستہ سید جمال نے اس تین منزلہ مکان کی تعمیر کا کام 1999 میں شروع کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اصل طیارہ نہیں بلکہ ہوائی جہاز کی طرح بنانے کے لیے سیمنٹ سے اس کا ڈھانچہ تیار کیا گیا جبکہ مکمل ہونے کے بعد نائیجیریا کے قومی پرچم کی طرح سبز اور سفید رنگ سے ڈیزائننگ کی گئی۔

اس مکان میں مہمانوں کے لیے کمرے، مسجد، سوئمنگ پول، کئی درختوں کا حامل باغ اور گاڑیاں کھڑی کرنے کی جگہ شامل ہے۔

مکان کے اندر کئی کمرے موجود ہیں، جن میں بیڈ روم اور لونگ رومز شامل ہیں جبکہ سیّد جمال نے گھر میں اپنے لیے ایک دفتر بھی تعمیر کیا ہے۔

سید جمال کے بیٹے محمد جمال نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 12 سال کے تھے جب ان کے والد نے اس گھر کی تعمیر کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب سکول سے فارغ ہونے کے بعد روزانہ اس مکان کو تعمیر میں والد کی مدد کرتے، ویسے اس گھر کو مکمل ہونے میں 11 سال لگے تاہم آج تک اس گھر میں کام جاری ہے۔

سید جمال کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ ان کے جانے کے بعد نائیجیریا کے عوام کے لیے ان کی جانب سے یہ گھر ایک تحفہ ہو گا جسے دیکھنے کے لیے دور دور سے سیاح ابوجا آئیں۔