کینیڈا میں آنکھ ضائع ہونے پر نوجوان نے آنکھ کے بجائے کیمرہ لگوا لیا

Last Updated On 18 January,2020 08:58 am

مونٹریال: (روزنامہ دنیا) کینیڈا کے رہائشی روب سپینس نے اپنی آنکھ ضائع ہونے پر کیمرہ لگا لیا جو 30 منٹ کی ویڈیو بنا سکتا ہے، آنکھ میں ٹرمینیٹر کی طرح سرخ روشنی کا حلقہ بھی نظر آتا ہے لیکن وہ خود کو ٹرمینیٹر کی بجائے آئی بورگ کہتے ہیں جو سائی بورگ کی طرح کا ایک لفظ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 2008 میں روب کی دائیں آنکھ پر گولی لگی تھی جس کے بعد اسے نکالنا پڑا تھا، اس کے بعد مصنوعی یا پتھریلی آنکھ لگانے کی بجائے روب نے اپنی آنکھ میں کیمرہ لگانے کی خواہش ظاہر کی جس سے وہ لوگوں کے انٹرویو ریکارڈ کرتے ہیں۔ 

کیمرے والی آنکھ کو آن کر کے انہیں دیکھنا ہوتا ہے اور پلک جھپکاتے ہی کیمرہ ریکارڈنگ شروع کرتا ہے جسے موبائل فون یا کمپیوٹر میں محفوظ کرنے کیساتھ ساتھ آن لائن نشر بھی کیا جاسکتا ہے۔ جعلی آنکھ نما کیمرے کیساتھ سرکٹ بورڈ، چارج کے قابل بیٹری اور ایک وائرلیس ٹرانسمیٹر لگایا گیا ہے۔