ماں کی 33 سال پہلے چھینی گئی سونے کی چین بیٹے کو واپس مل گئی

Last Updated On 17 January,2020 11:13 am

نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) بھارتی شہری کو اپنی والدہ کی 33 سال پہلے چھینی گئی سونے کی چین واپس مل گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 68 سالہ دلیپ شاہ اپنی والدہ کے ساتھ 1986 میں گھر سے باہر جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے چاقو دکھا کر انہیں روکا اور وہ اس کی ماں کے گلے سے سونے کی چین اتار کر لے گئے۔ متاثرہ خاتون اپنے بیٹے کے ہمراہ واردات کے بعد تھانے پہنچی اور رپورٹ درج کروائی۔

دلیپ شاہ کے مطابق پولیس نے کیس سے متعلق ہمیں وقتاً فوقتاً آگاہ کیا البتہ کوئی بڑی پیشرفت نہیں ہوسکی تھی، ماں کی موت کے بعد پولیس نے بالکل رابطہ ختم کردیا تھا۔اب ہمیں پولیس کی جانب سے ایک خط موصول ہوا جس میں انہوں نے بتایا کہ ماں کی چھینی ہوئی چین برآمد کر لی گئی۔ چین واپس لیتے وقت دلیپ شاہ جذباتی ہو گیا اور اس نے اعلان کیا کہ وہ اپنی والدہ کی برآمد ہونے والی چین فلاحی کاموں کیلئے عطیہ کر دے گا۔